Live Updates

استعفیٰ منظور نہ ہونے پر گنڈاپور کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ‘ اسمبلی اجلاس طلب

اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ تحریک انصاف کی قیادت کی رات گئے ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 اکتوبر 2025 12:26

استعفیٰ منظور نہ ہونے پر گنڈاپور کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ‘ ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کا بطور وزیر اعلیٰ پختونخواہ استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر انہیں تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے خیبرپختونخواہ اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا ہے، خیبرپختونخواہ اسمبلی کا یہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی قیادت کی رات گئے ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، آج کے اسمبلی اجلاس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے لیکن گورنر فیصل کریم کنڈی نے تاحال علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں بلکہ ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہیں تاحال استعفیٰ موصول ہی نہیں ہوا۔

دوسری جانب عمران خان کی طرف سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھی ردعمل آگیا، پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران جب ڈی جی ائی ایس پی آر سے عمران خان کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو اس پر ترجمان پاک فوج نے جواب دیا کہ ’اسٹیبلشمنٹ ریاست کا ادارہ ہے، آپ کہہ رہے ہیں کہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ یعنی ریاست مخالف قیادت لائی جا رہی ہے؟ ایسا نہیں ہوسکتا‘۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات