Live Updates

کل کی پریس کانفرنس میں ہمارے لیے استعمال شدہ الفاظ سے نقصانات ہوں گے، سلمان اکرم راجہ

یہ کہنا کہ تحریک انصاف دہشتگردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے‘ سرا سر الزام اور بہتان ہے، جب بھی کسی جماعت کو پیچھے کرنے کی کوشش گئی تو دہشتگردی، قتل و غارت گری پھیلی؛ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 اکتوبر 2025 13:10

کل کی پریس کانفرنس میں ہمارے لیے استعمال شدہ الفاظ سے نقصانات ہوں گے، ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کی جڑیں 78 سال پرانی ہیں، یہ کہنا کہ تحریک انصاف دہشتگردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے، یہ سرا سر الزام اور بہتان ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے تبدیلی کی وجہ سے صوبہ خیبرپختونخواہ میں تبدیلی آ رہی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس تبدیلی کو روکنے کی کوشش ہوگی، ہم آپ کو عمران خان اور رفقاء جو تیس سال سے بتا رہے ہیں وہ بتانا چاہتے ہیں، ہم ہر بہت سارے الزامات لگائے گئے ہیں، ہم پر سہولت کاری کا الزام لگایا گیا ہے، ہمیں دھمکی دی گئی ہے کہ آپ کو ریاست کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا یہ کہنا کہ تحریک انصاف دہشتگردوں کے لیے نرم گوشا رکھتی ہے سرا سر الزام ہے بہتان ہے، ہمارے لیے پاکستانی قوم کا خون مقدم ہے، ہم شہداء کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن عسکری طاقت اور گولہ بارود سے آپ دہشتگردی کا دیر پا حل نہیں نکال سکتے، اس وقت خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کی جڑیں 78 سال پرانی ہیں، آپ نے لوگوں کو ان کی حقیقی نمائندگی سے دور رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آپ سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتے لیکن کل کی پریس کانفرنس میں ہمارے لیے استعمال شدہ الفاظ سے نقصانات ہوں گے، جب بھی کسی جماعت کو پیچھے کرنے کی کوشش گئی تو دہشتگردی، قتل و غارت گری پھیلی، یہ جنگ و جدل کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ کب تک چلے گا؟ اس کا سوچنا ہو گا، ہم کہتے ہیں آپ جو بھی پالیسی بناتے ہو اس کو مسلط مت کرو، ہمیں اس صوبے کی عوام اور قبائل کو ساتھ لے کر چلو، ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان کے لوگ امن چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات