جڑانوالہ میں نئے نادرا فیسلیٹیشن سنٹر کا افتتاح

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 18:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال بدر چودری نے جڑانوالہ کے نئے نادرا فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔نئے نادرا سینٹر میں وراثتی سرٹیفکیٹ کی سہولت میسر ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت داخلہ طلال بدر چودری نے فیصل اباد روڈ پر ویٹا فلور مل کے قریب جڑانوالہ کے نئے جدید نادرا فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

نئے نادرا سینٹر میں وراثتی سرٹیفکیٹ کی سہولت میسر ہوں گی۔ اس حوالے سے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ تحصیل جڑانوالہ کے عوام کے لیے نیا نادرا فسلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ نادرا کو سہولیات کو اپ گریڈ کیا ہے۔ اس سینٹر میں 9 کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں وراثتی سرٹیفکیٹ کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ خواتین کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ معزور افراد کو بھی خصوصی کاؤنٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں پہ صبح اٹھ بجے سے لے کر رات 11 بجے تک دو شفٹوں میں کام ہوگا۔ اس سینٹر میں آئی ڈی کارڈ، رجسٹریشن "ب"فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، وراثتی سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، ڈیکلریشن سرٹیفکیٹ اور پاکستان اوریجن کارڈ حاصل کرنےکی سہولت میسر ہو گی۔

انہوں نے اس موقع پر ڈی جی نادرا کاشان احمد، ڈی ائی جی آپریشنز مکرم خان ،زونل ہیڈ چوہدری قیصر ذوالفقار اور نادرا سینٹرز کے انچارج مشتاق احمد سیال، رائے احمد خان کھرل اور سیکنڈ شفٹ انچارج ملک اویس کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نادرا کے سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو عالمی معیار کے مطابق نادرا سے متعلقہ سہولیات میسر ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ڈی جی نادرا کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کے اعتراضات کو اسی سنٹر میں حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے جدید فیسلیٹیشن سینٹر سے تحصیل جڑانوالہ کے عوام کو عالمی معیار کے مطابق نادرا سے متعلقہ سہولیات میسر ہوں گی۔