گورنر فیصل کریم کنڈی کا اسلام آباد میں فرنٹیئر انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی میں آنکھوں کے علاج کی جدید ترین سمائل پرو لیزر ٹیکنالوجی کا افتتاح

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں فرنٹیئر انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی میں آنکھوں کے علاج کی جدید ترین سمائل پرو لیزر ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا۔ ہفتہ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر مشتاق احمد خٹک سمیت فرنٹئیر انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی کی تمام انتظامیہ، طبی عملہ کوآنکھوں کے علاج کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں ڈاکٹر مشتاق احمد خٹک نے جدید لیزر ٹیکنالوجی سے متعلق گورنر خیبر پختونخوا کو بریفنگ دی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہسپتال کے نئے بلاک میں جدید لیزر ٹیکنالوجی مشین کا معائنہ بھی کیا اوراس ٹیکنالوجی کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت قرار دیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فرنٹئیر انسٹیوٹ آف آپتھالوجی پشاور، اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں امراض چشم میں مبتلا افراد کے علاج میں جدید سائنسی طریقوں کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی او کا ادارہ اور نظام صحت سے جڑے دیگر نجی ادارے بلاشبہ ایک صحت مند معاشرے کی تکمیل میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ سمائل پرو ٹیکنالوجی دنیا بھر میں بصارت کی بحالی کے محفوظ اور مؤثر ترین طریقوں میں شمار ہوتی ہے، یہ خوش آئند بات ہے کہ اب پاکستان میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے،میری نظر میں صحت کا شعبہ صرف ایک سروس نہیں بلکہ قومی فریضہ ہے،حکومتِ پاکستان اور خیبر پختونخوا کی انتظامیہ ہمیشہ سے صحت عامہ کی بہتری کے لیے پرعزم رہی ہے۔

ایسے ادارے جو تحقیق، مہارت اور جدید سہولیات کے ذریعے عوام کو بینائی کی نعمت لوٹانے میں مصروف ہیں، وہ واقعی قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔