Live Updates

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حکومت اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں، مصدق ملک

اتوار 12 اکتوبر 2025 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حکومت اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے افغانستان کی حالیہ جارحیت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے چوکنا اور مکمل طور پر تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلا اشتعال حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا عزم ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو ہر قیمت پر محفوظ رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو اس کے سہولت کاروں سمیت، چاہے وہ ملک کے اندر سے کام کر رہے ہوں یا باہر سے، جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں کو ان کی ناکام حکومت کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ اقتدار میں دہشت گردوں کے خاندانوں کو پناہ دی ،پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے اور شہریوں اور مسلح افواج کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرے جو سرحد پر چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات