سعد رضوی اور بھائی کے خلاف شیخوپورہ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:50

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد رضوی، انس رضوی سمیت ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت کے خلاف ’غیرقانونی جلوس نکال کر لوگوں کو اشتعال دلانے، نقص امن پیدا کرنے اور پولیس ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت شیخوپورہ کے تھانہ فیروز والا میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے میں 27 دفعات لگائی گئی ہیں جن میں سے دو دفعات انسداد دہشت گردی کی دفعہ چھ اور سات بھی شامل ہیں جن میں جرم ثابت ہونے پر سزائے موت یا عمر قید دی جاسکتی ہے۔یہ مقدمہ گوجرانوالہ کے ایس ایچ او عمران نسیم بٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر ٹی ایل پی کے کارکنوں کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ٹی ایل پی کے جلوس میں ایک ٹرالر تھا جس کے اوپر لاؤڈ اسپپیکر اور ڈیک لگے ہوئے تھے اور اسٹیج پر سعد رضوی مائیک کے ذریعے لوگوں کو اشتعال دلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

‘ مقدمے میں ٹی ایل پی کے دیگر 16 رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ’شرکا جلوس کی تعداد دو ہزار سے زائد تھی جس میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے، پتھر وغیرہ پکڑ رکھے تھے، کچھ لوگوں کے پاس آتشیں اسلحہ بھی تھا اس دوران لگ بھگ 30 سے 35 لڑکوں کے ایک گروپ نے اچانک پولیس پر حملہ آور ہو کر مارکٹائی شروع کردی۔