Live Updates

حکومت پولیو کے خاتمے کے لئےپر عزم ہے، وزیرصحت بلوچستان

پیر 13 اکتوبر 2025 15:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے، والدین انسداد پولیو مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے کر اس مرض کو صوبے سے جڑ سے ختم کرانے میں مدد کریں۔ انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کرسات روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ ہیلتھ بلوچستان پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 26 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اور بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے کامیاب بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی صوبے کے بعض علاقوں میں پولیو وائرس موجود ہے، کچھ ہائی رسک اضلاع ہیں۔ ان علاقوں کے ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش ہے، یہی وجہ ہے کہ ان اضلاع پر سب سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ماحول میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے عوامی تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے صرف ویکسی نیشن ہی نہیں بلکہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

ایک بچے کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے صوبے کے ہسپتالوں میں ادویات کی قلت اور ہسپتالوں میں عدم سہولیات کے حوالے سے ڈاکٹروں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات موجود ہیں۔ کوئٹہ میں کسی قسم کی ادویات اور ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے باتیں محض افواہ ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کا کام سیاست میں حصہ لینا نہیں بلکہ پوری لگن اور ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینا ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات