مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کے حریت رہنمائوں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے

منگل 14 اکتوبر 2025 16:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے شوپیاں اور اسلام آباد اضلاع کے مختلف علاقوں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور حریت رہنمائوں کی رہائش گاہوں پردوبارہ چھاپے مارکر تلاشی لی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے متعد دیہات اور شوپیاں سمیت ملحقہ علاقوں میں جماعت اسلامی سمیت متعدد حریت رہنمائوں کی رہائشگاہوں پر چھاپے مارے ۔

کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں نے جائیداد کے کاغذات، بینک دستاویزات ، مذہبی کتابیں اور تاریخی لٹریچر قبضے میں لے لیا۔ مکینوں کو گھنٹوں تک اذیت اور پوچھ گچھ کا نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ بھارتی قابض فورسز نے آزادی پسند سرگرمیوں کو روکنے کے لیے جاری مہم کے تحت گزشتہ روز بھی اسی طرح کے چھاپے مارے تھے۔

(جاری ہے)

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی چھاپوں کی جاری کارروائی کی شدید مذمت کی ہے ۔

حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہا س نے ان کارروائیوں کو کشمیریوں کو خو ف و دہشت کانشانہ بنانے اور حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی بھارت کی منظم مہم کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔