قوم اپنے غیور سپاہیوں، افسران اور شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے، سعید احمدبیگ

منگل 14 اکتوبر 2025 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمد بیگ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے، سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے قیام کے لیے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں، وہ قوم کے ہر فرد کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ قوم اپنے غیور سپاہیوں، افسران اور شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کو محفوظ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاک فوج کو ایک پیشہ ور، منظم اور بہادر افواج میں شمار کیا جاتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف طویل اور کٹھن جنگ میں پاک فوج نے نہ صرف ملکی سرزمین سے دہشت گردوں کا صفایا کیا بلکہ امن و ترقی کے راستے بھی ہموار کیے۔ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور خیبر ون سے خیبر فور تک تمام عسکری آپریشنز نے پاکستان کو امن کے نئے دور میں داخل کیا۔

(جاری ہے)

سعید احمد بیگ نے کہا کہ پاک فوج نے قدرتی آفات، زلزلوں، سیلابوں اور دیگر ہنگامی حالات میں بھی ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ رہ کر اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ چاہے بلوچستان کے پہاڑ ہوں یا گلگت بلتستان کے برف پوش علاقے، افواجِ پاکستان کے جوان ہر وقت وطن کے تحفظ اور عوامی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش اور منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

یہ وقت ملک میں انتشار یا سیاسی محاذ آرائی کا نہیں، بلکہ قومی یکجہتی، استحکام اور دفاعِ وطن کے لیے یکسو ہونے کا ہے۔چیئرمین پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وطن کی حفاظت اور قومی سلامتی سب سے مقدم ہے۔ پاک فوج نے اپنے خون سے پاکستان کا پرچم سربلند رکھا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس امن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔سعید احمد بیگ نے مزید کہا کہ اداروں کے خلاف منفی بیانیہ ملک دشمنوں کے عزائم کو تقویت دیتا ہے۔ ہمیں اپنے دفاعی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے، کیونکہ یہ وہ طاقت ہے جو دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے دیوارِ فولاد بنی ہوئی ہے۔