پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے لئے اتحاد و یکجہتی کا پیغام ہے ، ڈاکٹر عبدالکریم العیسی

منگل 14 اکتوبر 2025 21:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے لئے اتحاد و یکجہتی کا پیغام ہے اور یہ معاہدہ دوسرے اسلامی ممالک کو بھی قریب لانے میں معاون ثابت ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام علما ومشائخ کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ میرے لئے باعث فخر ہے کیونکہ پاکستان کا عالم اسلام میں اہم مقام ہے ،پاکستان نے ہمیشہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ حرمین شریفین کے تقدس اور حفاظت کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائیوں جیسے ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ کیا ہے ،یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لئے اتحاد و یکجہتی کا پیغام ہے ،پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ دیگر مسلم ممالک کو بھی قریب لانے میں مدد دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان و سعودی عرب کے مقاصد ایک ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب نے ایک دوسرے کی ہمیشہ مدد کی ہے۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں نے علمائے کرام سے اہم کانفرنس میں خطاب کیا ہے، وزیر اعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ تعلقات دفاعی معاہدے تک پہنچ چکے ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب اسلاموفوبیا کے خلاف ایک ہی موقف رکھتے ہیں ، اسلام میں اجتہاد کی بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علمائے کرام نے ہمیشہ امت مسلمہ کے علمائے کرام میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بلندیوں کی انتہا ہے۔