پاکستان کی جائیٹکس 2025میں عالمی ڈیجیٹل شراکت داریوں کے فروغ، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن کی جانب پیشرفت

منگل 14 اکتوبر 2025 22:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے جائیٹیکس 2025کے موقع پر ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے عالمی ماہرین اور قائدین سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں تاکہ ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن کے تحت پاکستان کے بین الاقوامی ڈیجیٹل تعاون اور انوویشن کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کی سائبر سکیورٹی کونسل کے سربراہ اور حکومتِ یو اے ای کے پرنسپل سائبر سکیورٹی مشیر ڈاکٹر محمد الکویتی سے ملاقات کی جس میں سائبر ریزیلنس کو مضبوط بنانے، کلاؤڈ گورننس کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت و ڈیٹا انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے گروپ 42ابوظہبی جو یو اے ای کا سب سے بڑا خود مختار کلاؤڈ پلیٹ فارم ہے، کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی کلاؤڈ فرسٹ پالیسی کے تحت خود مختار کلاؤڈ انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت کے اختراعی مراکز اور جی پی یو پر مبنی قومی کمپیوٹ کیپسٹی پر اشتراک کے امکانات پر بات کی۔ دونوں فریقین نے سائبر سکیورٹی استعداد کار میں اضافے اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے لئے فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے رومانیہ کی وزارتِ معیشت کے مشیر واسیلے کیٹالِن سے ملاقات کی جس میں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت کی پالیسی و اخلاقیات اور ڈیجیٹل گورننس میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے پاکستان کے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (PKCERT) اور رومانیہ کی نیشنل سائبر سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ (DNSC) کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کرنے اور ای گورننس، انوویشن ایکو سسٹمز اور اکیڈمک ایکسچینج پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ایک علیحدہ ملاقات میں ڈاکٹر رامین حسنی، چیف ایگزیکٹو آفیسر و شریک بانی لیکوئیڈ اے آئی جو ایم آئی ٹی سے جنم لینے والا تحقیقی ادارہ ہے، نے وفاقی وزیر کو اگلی نسل کی ’’لیکویڈ نیورل نیٹ ورکس‘‘ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں مصنوعی ذہانت کی مہارتوں کی ترقی، سٹارٹ اپ انکیوبیشن اور تحقیقی اشتراک کے ذریعے پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے نفاذ میں تعاون پر بات ہوئی۔

اسی طرح اینڈریو فیلڈمین، سی ای او Cerebras Systems کے ساتھ ملاقات میں مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر کی ترقی، تربیتی پروگرامز کے آغاز اور مقامی سٹارٹ اپس کو جدید کمپیوٹنگ سسٹمز تک رسائی فراہم کرنے پر بات چیت ہوئی۔یہ ملاقاتیں مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر میں عالمی شراکت داریوں کے فروغ کے عزم کی عکاس ہیں جو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔