بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانا حکومت کا عزم ہے، سفید چھڑی وقار و ہمت کی علامت ہے ،جمال شاہ کاکڑ

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا قابلِ فخر اور فعال طبقہ ہیں جو یکساں مواقع اور سہولیات کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان خصوصی افرادشہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ قومی ترقی کے عمل میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سفید چھڑی صرف ایک سہارا نہیں بلکہ وقار، ہمت اور خوداعتمادی کی علامت ہے جو یہ پیغام دیتی ہے کہ انسانی صلاحیت کا انحصار جسمانی کمزوری پر نہیں بلکہ حوصلے اور عزم پر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے پیغام کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقوام متحدہ کے خصوصی افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کا عملی آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بصارت سے محروم افراد کے لیے سرکاری اداروں میں روزگار کے کوٹے میں اضافہ، خصوصی تعلیمی اداروں کی بہتری، اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی جیسے اقدامات کیے ہیں تاکہ وہ معاشی اور سماجی سطح پر خود کفیل بن سکیں۔ جمال شاہ کاکڑ نے پاکستان کی پہلی نابینا خاتون افسر صائمہ سلیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی روشن مثال ہیں کہ اگر موقع فراہم کیا جائے تو خصوصی افراد بھی ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں فخر سے بلند کر سکتے ہیں۔