مقبوضہ کشمیر میں چھاپوں ، تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

نامعلوم افراد نے سیب کے پھل دار درخت کاٹ ڈالے، جائیدادوں کی ضبطی کا سلسلہ جاری

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر کے کئی علاقوں میں آزادی پسند کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی ۔ چھاپو ں کے دوران اہم دستاویزات، لیب ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کر لئے گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا کے احکامات پر یہ چھاپے شہر کے علاقوں عمر کالونی لال بازار، پالپورہ نور باغ ، سوتھسو کلان ، کاٹھی دروازہ ، نوپورہ سکہ ڈافر، سویہ ٹینگ ، نیو ٹیڈ اورمغل محل میںاسرار احمد ، شہبازا حمدبٹ، فیاض احمد گنائی،برہان نذیر ، ساجد مجید شاہ ، عاشق بشیر نجار ، عمر عادل ڈار ، شبیر احمد گنائی ، اعجاز احمدبٹ ، محمد الطاف گنائی ، فیاض احمد گنائی ، منظور احمد بٹ ، احسن احمدبٹ کے گھروں پر مارے۔

(جاری ہے)

چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت مارے گئے۔چھاپوں کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے ان کی آواز کو کمزور کرنا ہے۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے سلیگام ڈنگر پورہ میں نامعلوم افراد نے سیب کے بیسیوں پھل دار درخت کاٹ ڈالے ۔ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔ درختوں پر لگا سیب اتارے جانے کیلئے تیار تھا۔

باغ مالکان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی برسوں کی محنت کو راتوں رات تباہ ہوتے دیکھ کرانتہائی غمزدہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ ہمیں مالی طور پر برباد کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔انہوںنے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس کارروائیوں میں بھارتی فورسز کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کشمیری مسلمانوں کو انکے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک سے محروم کرنے کا مذموم سلسلہ جاری رکھے ہوئے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں عبدالرشید ڈار نامی شہری کا دو منزلہ رہائشی مکان اور ایک منزلہ شاپنگ کمپلیکس ضبط کر لیا۔

غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے ‘‘ کے تحت ضبط کی گئی جائیدار کی مالیت 66 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں چھاپوں، بلا جواز گرفتاریوں ، املاک کی ضبطی اور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی مضبوط و مستحکم ہے اور وہ شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔

جنوبی کوریا کے دارلحکومت سیول میں ’یوم سیاہ: انصاف و آزادی کیلئے کشمیر کی پکار ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کیمطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔سیمینار کا انعقاد انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی آئی ڈی ای) نے کیا تھا۔سیمینار میں انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔