مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی فوج کی سرگرمی میں غیر معمولی تیزی،کنٹرول لائن پر بھاری توپ خانے کی منتقلی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 14:35

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) مودی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںفوجی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی لائی ہے ۔ ضلع کپواڑہ میں کنٹرول لائن کے قریب بھارتی فوجیوں کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ کنٹرول لائن پر بھاری توپ خانہ منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کی ڈرون کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طویل فاصلے تک مار کرنے والی 155 ایم ایم آرٹلری گنیں کنٹرول لائن کے قریب اگلی پوسٹوں کی طرف منتقل کی جا رہی ہیں ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھاری توپوں کو ٹنگدھر، ترہگام اور کیرن جیسے حساس سیکٹروں کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی کیمپوں اور بنکروں کی مرمت وغیر ہ کا کام بھی جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رہائشیوں نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے ساتھ چراگاہوں اور مشہور سیاحتی مقامات کو سیل کر دیا ہے۔ لوگوں نے وادی میں رات کے وقت ریل گاڑیوں کی آمد ورفت میں تیزی کی اطلاع دی ہے اور اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ان کے ذریعے فوجی سازوسامان کنٹرول لائن کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔دریں اثنابھارتی فورسز نے کنٹرول لائن اورورکنگ بائونڈری سے ملحقہ دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے حریت رہنماؤں اور آزادی کے حامی افراد کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیاجا رہا ہے۔