Live Updates

توشہ خانہ کیس میں جلدی فیصلہ کی کوشش سیاسی انتقام کی واضح مثال ہے، فہیم خان

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے سینئر نائب صدر و سابق ایم این اے فہیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سرپرست اعلی عمران خان کو 804 دنوں سے غیر قانونی اور غیر انسانی طور پر قید میں رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ڈیتھ سیل میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے جبکہ جیل انتظامیہ عدالت کے احکامات کے باوجود انہیں ذاتی معالج اور اہلِ خانہ سے ملنے نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کے مقدمات میں بار بار تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے، اور حکومت عدلیہ پر دبا ڈال کر سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔فہیم خان نے توشہ خانہ II کیس میں جلدی فیصلے کی کوشش کو سیاسی انتقام قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقدمہ تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے تاکہ عمران خان اور بشری بی بی کو ایک اور سزا دے کر جیل میں رکھا جا سکے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ نواز شریف، آصف زرداری اور مریم نواز کے توشہ خانہ اسکینڈلز پر خاموشی انصاف کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتی ہے۔فہیم خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیراعلی سہیل آفریدی کی حلف برداری عمران خان کی نظریاتی سیاست اور آئینی تسلسل کی فتح ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کر کے جمہوریت کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی متحد ہیں اور عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پی ٹی آئی کراچی کے رہنما نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کو ایگزیکٹو کے تابع بنانے کی سازش ہے۔ فہیم خان نے مطالبہ کیا کہ اس ترمیم کے خلاف کیس فل کورٹ میں سنا جائے تاکہ عدلیہ کی ساکھ بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ جن ججوں کو ترمیم سے فائدہ ہوا، وہ خود اس کے مقدمے کی سماعت نہیں کر سکتے۔فہیم خان نے مریدکے میں تحریکِ لبیک کے کارکنوں پر ریاستی تشدد اور خواتین کی گرفتاریوں کو غیر انسانی اور ظالمانہ عمل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ایک بار پھر ماڈل ٹان جیسا ظلم دہرایا ہے۔ احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، مگر حکومت مخالف آوازوں کو گولی سے دبانے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مریدکے واقعے کی عدالتی انکوائری کرائی جائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے، گرفتار خواتین کو رہا کیا جائے اور میڈیا پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔فہیم خان نے اسرائیل کے فلسطینی عوام پر مظالم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔فہیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی مینڈیٹ کے تحفظ اور ریاستی جبر کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات