روس سے تیل کی خریداری ’’جائز‘‘ہے ،امریکا کے اقدامات یکطرفہ بالادستی اور معاشی جبر کی مثال ہیں ، چین

جمعرات 16 اکتوبر 2025 17:43

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) چین نےروس سے تیل کی خریداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس سے اس کی تیل کی خریداری ’’جائز‘‘ ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے امریکا کے ’’یکطرفہ بالادستی ‘‘ پر مبنی اقدامات کی مذمت کی۔

انہوں نے بیجنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ چین کی دنیا بھر کے ممالک، بشمول روس کے ساتھ معمول کی، جائز اقتصادی، تجارتی اور توانائی سے متعلق تعاون کی پالیسی برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے اقدامات یکطرفہ بالادستی اور معاشی جبر کی ایک کھلی مثال ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چین کے مفادات کو نقصان پہنچا تو ہم ٹھوس جوابی اقدامات کریں گے اور اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کا روس سے تیل کی خریداری بند کر دے گا اور انہوں نے کہا کہ وہ چین کو بھی ایسا کرنے پر مجبور کریں گے۔ امریکی صدر نے چین اور بھارت دونوں پر الزام عائد کیا کہ وہ روس سے تیل خرید کرتین سال سے جاری یوکرین جنگ میں مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یورپی اتحادیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر روس سے تیل کی خریداری بند کریں۔ بھارت نے اس حوالے پالیسی میں تبدیلی کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید کی ہے۔