Live Updates

بھارت جموں و کشمیر پر اپنے جھوٹے بیانیے کی ترویج میں سرگرم عمل ہے مگر دنیا اس کے جھوٹ کو تسلیم نہیں کرتی،بلقیس راجہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:22

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) بلقیس راجہ مرکزی ٍجوائنٹ سیکر ٹری مسلم لیگ ن خواتین ونگ آزاد کشمیر نے افغانستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے دہلی میں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ہمنوائی کو سختی سے مسترد کر تے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں ایک حل طلب مسئلہ ہے بھارت جموں و کشمیر پر اپنے جھوٹے بیانیے کی ترویج میں سرگرم عمل ہے مگر دنیا اس کے جھوٹ کو تسلیم نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے وزیر خارجہ تاریخ سے نابلد ہیں اور وہ حقائق سے آنکھیں چرا رہے ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی قبضہ کر رکھا ہے مگر کشمیری عوام بھارت کے فوجی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور ہر عالمی فورم پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف سرگرم عمل رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی 19 جولائی 1947 کو خود کو الحاق پاکستان کی قرارداد کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا اور وہ یہ منزل حاصل کرنے کیلیے مسلسل جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنا ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا کوئی بھی غیر قانونی دعویٰ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔انھوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کو یقینی بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہے گئے الفاظ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں ان شاء اللہ بہت جلد تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی شہداء مقبوضہ جموں وکشمیر کا خون رنگ لائے گا مقبوضہ جموں وکشمیر جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات