دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر سے علاقائی اور عالمی امن کوسنگین خطرہ لاحق ہے،رپورٹ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس حل طلب مسئلہ کشمیر سے علاقائی اور عالمی امن کوسنگین خطرہ لاحق ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس اور کشمیری عوام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیں۔

کشمیری عوام چاہتے ہیں اقوام متحدہ انہیں انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلوائے جس کاوعدہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں ان سے کیاگیا ہے ۔مودی حکومت نی5اگست 2019کو یکطرفہ طورپر جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر کے دنیا پر واضح کردیاتھاکہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارے کو مقبوضہ کشمیرمیں غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد کر کے مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی مودی حکومت کی کوششوں کوروکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔اقوام متحدہ کو مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور جموںو کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں پر بھارت کوجواب دہ ٹھہرانا چاہیے ۔