مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز نے نگرانی اورتلاشی کی کارروائیاں تیز کر دیں

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) بھارتی فورسز نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے مختلف علاقوں میں نگرانی اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، بارڈر یکیورٹی فورس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے وادی کشمیر اور جموں کے خطہ میں کنٹرول لائن کے ساتھ واقع مختلف دیہات اور علاقوں میں نگرانی اور تلاشی اورمحاصرے کی کارروائیاں جمعہ کو بھی جاری رکھیں۔

بھارتی فورسزنے گریز، اوڑی، کرناں،ٹنگڈار، دودھ پتری اور سندربنی سمیت علاقوں میں اپنی تعیناتی بھی بڑھارہی ہے ۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فوجیوں کی باقاعدہ تربیت کے علاوہ بنکرز قائم کئے جارہے ہیں جس سے مقبوضہ علاقے میں خوف اور دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر بھارتی فورسز نے آج دوسرے روز بھی ضلع ادھم پور کے علاقوں کرچھی اور لٹی-دودو-بسنت گڑھ میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ بھارتی پولیس مشکو نقل و حرکت کی اطلاعا ت پر گزشتہ روز یہ کارروائی شروع کی تھی ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ایک اور سرچ آپریشن کے دوران ضلع بڈگام کے علاقے بڈران ماگام سے دو کشمیری نوجوانوں مزمل احمد بٹ اور امتیاز احمد ڈار کو گرفتار کر لیاہے۔