مسئلہ کشمیرحل کے بغیرپائیدار امن و ترقی ممکن نہیں،بھارتی قبضے کی وجہ سے کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں، حریت کانفرنس

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 22:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر میں پر جاری غیر قانونی بھارتی قبضے اور آزادی کے خواہشمند کشمیری عوام کے خلاف اسکی ننگی جارحیت سے نہ صرف کشمیری عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ یہ پورا خطہ مسلسل ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو نشانہ بنانے اور علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے بھارتی فوج اور پیر املٹری کی سرپرستی میں ہندو توا گرپوںکی متحرک کر دیا ہے ۔ ترجما ن نے کہا کہ یہ ہندوتوا گروپ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی)،راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ( آر ایس ایس)، وشوا ہندو پریشد ( وی ایچ پی) اور بجرنگ دل وغیرہ سے منسلک ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ان ہند وتوا گروپوں نے ڈوگرہ سپاہیوں کے ساتھ مل کر جموں خطے میں 1947 میں لاکھوں مسلمان شہید کیے تھے۔ترجمان نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں دس لاکھ کے قریب فورسز اہلکار تعینات کرکے اسے دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے خطے میں تبدیل کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر کے بارے میں اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم دنیا نے اسکا بیانیہ مسترد کردیا ہے اور وہ کشمیرکو بدستور ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ، بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدوںکو پورا کرے اور انہیں انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے۔