مچل اسٹارک کی جانب سے پھینکی گئی ایک گیند کو اسپیڈو میٹر پر 176 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دیکھ کر سب حیران رہ گئے

اتوار 19 اکتوبر 2025 15:35

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں مچل اسٹارک کی جانب سے پھینکی گئی ایک گیند کو اسپیڈو میٹر پر 176 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے بھارت کے خلاف 5 اوورز کا پہلا شاندار اسپیل کیا جس میں انہوں نے 20 رنز دیکر ایک اہم وکٹ حاصل کی۔

اسٹارک نے بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو صفر پر پویلین بھیجا تاہم مچل اسٹارک کے اسپیل کی پہلی ہی گیند جو انہوں نے روہت شرما کو کرائی اس کی رفتار اسپیڈو میٹر پر 176 اعشاریہ 5 کلو میٹر فی گھنٹہ بتائی گئی جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی اب تک کی سب سے تیز ترین گیند ہے۔آسٹریلوی فاسٹ بولر عام طور پر 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرتے ہیں تاہم اسپیڈو میٹر نے تکنیکی غلطی سے ان کی گیند کو 176 اعشاریہ 5 کلومیٹر دکھا دیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز ترین گیند کا ریکارڈ پاکستان کے شعیب اختر کے پاس ہے، شعیب اختر نے 2003 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161 اعشاریہ 6 کلو میٹر فی گھنٹہ یعنی 100 اعشاریہ 23 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی تھی۔ پاکستانی فاسٹ بولر کی تیز ترین گیند کا یہ ریکارڈ 22 برس بعد بھی برقرار ہے۔