قائد اعظم ٹرافی :شامل حسین کی شاندار سنچری ، شاہد عزیز اور عمران رندھاوا نے پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ کے دوسرے دن شامل حسین نے سنچری اسکور کی جبکہ شاہد عزیز اور عمران رندھاوا نے پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں جاری چار روزہ میچ میں ایبٹ آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 437 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یاسر خان نے شاندار 185 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد ندیم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اسلام آباد کی ٹیم پہلی اننگز میں 228 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شامل حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز اسکور کیے۔ ایبٹ آباد کے اسرار حسین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد نے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لئے۔

(جاری ہے)

پشاور میں کراچی بلوز کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبداللہ فضل نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہد عزیز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل ختم ہونے تک فاٹا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 56 رنز بنا لیے۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں لاہور وائٹس کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں 235 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسیب الرحمن 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

محمد حسنین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 29 رنز بنا لئے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں ملتان نے فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 445 رنز بنا لئے۔ عمران رفیق 70، وقار حسین 67 اور شرون سراج 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عرفات منہاس 52 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ شعیب اختر اسٹیڈیم میں پشاور کی ٹیم بہاولپور کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

وقار احمد نے 71، محمد حارث نے 70 اور نیاز خان نے 61 رنز اسکور کیے۔ عمران رندھاوا نے 5 اور سفیان مقیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کھیل کے اختتام پر بہاولپور نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنا لئے، مبصر خان نے 64 اور سعد خان نے 61 رنز بنائے۔ افتخار احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔