ایشیا پیسیفک گول بال چیمپئن شپ ناک آؤٹ مرحلے میں داخل،ایران اور چین کی برتری برقرار

اتوار 19 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ایران اور چین نے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے آئی بی ایس اے ایشیا پیسیفک گول بال چیمپئن شپ 2025 کے گروپ مرحلے میں بالترتیب مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کے ساتھ ہی ایونٹ ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو گیاہے۔مردوں کے مقابلوں میں ایران نے پول "اے" میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ناقابلِ شکست رہتے ہوئے پہلا پوزیشن حاصل کرلی۔

آسٹریلیا 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، تھائی لینڈ (9) تیسرے، سعودی عرب (3) چوتھے اور عراق (0) پانچویں نمبر پر رہا۔ پول "بی" میں دفاعی چیمپئن چین نے 12 پوائنٹس کے ساتھ سبقت حاصل کرلی جبکہ جنوبی کوریا 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ قازقستان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن لی۔

(جاری ہے)

ازبکستان کے 3 پوائنٹس رہے جبکہ پاکستان کوئی میچ نہ جیت سکا۔

خواتین کے مقابلوں میں چین نے پول "ایکس" میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل چار فتوحات کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کیے۔ جاپان 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، جنوبی کوریا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، تھائی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان (0) پانچویں نمبر پر رہا۔ایونٹ کے چوتھے روز چین، جاپان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں نے اپنی برتری قائم رکھی۔

خواتین کے مقابلوں میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو 10–0 سے شکست دی، جاپان نے جنوبی کوریا کو 6–0 سے ہرایا، چین نے تھائی لینڈ کو 11–7 سے مات دی جبکہ جنوبی کوریا نے پاکستان کو 10–0 سے شکست دی۔مردوں کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے سعودی عرب کو 6–2 سے ہرایا جبکہ قازقستان نے ازبکستان کو 15–5 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس چیمپئن شپ میں چین، ایران، جاپان، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، قازقستان، پاکستان، آسٹریلیا، سعودی عرب، عراق اور ازبکستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اس بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جو آئی بی ایس اے ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہے۔