اگر آئین کا احترام نہیں ہو گا تو ملک کیسے چلے گا،سید زین شاہ

ہم عوام کو بیدار کر کے تحریک چلائیں گے اور اس موجودہ کرپٹ نظام کو دفن کرنے پر مجبور کریں گے،صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی

اتوار 19 اکتوبر 2025 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کا احترام نہیں ہو رہا ہے،اگر ملک میں آئین کا احترام نہیں ہو گا تو ملک کیسے چلے گا،ہم عوام کو بیدار کر کے تحریک چلائیں گے اور اس موجودہ کرپٹ نظام کو دفن کرنے پر مجبور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایم سید ایڈیفیس جامشورو میں تحریک تحفظ آئین پاکستان سندھ کے اجلاس کے بعد مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفننگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر علامہ حسن نظر نقوی، علامہ صادق جعفری، مولانا حیات عباس، علامہ مبشر حسن، آفتاب خانزادہ و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

علامہ ناصر عباس جعفری نے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئیے بنی ہے۔ آئین کی بالا دستی کے بغیر فیڈریشن نہیں چل سکتی۔ ملک میں تمام ادارے آئین کی روشنی میں بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین ملک میں رہنے والی اکائیوں کا ترجمان ہے۔ ملک میں آئین بننے کے کچھ عرصے بعد ہی مارشل لا لگا اگر آئین پر وار کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہا جو آج تک جاری ہے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر 8 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروا کر آئین کی پامالی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حلف اٹھاتے ہیں کہ ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے وہ اپنے حلف اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

ملک کے ادارے ملک کا ستون ہوتے ہیں وہ تباہ ہو چکے ہیں۔ آج عدلیہ اپنی آزادی کھو چکی ہے۔ ملک میں پارلیمنٹ ختم ہو چکی ہے۔ رات کی تاریخ میں پارلیمنٹ پر حملہ کر کے عوامی نمائندوں کو اٹھا لیا جاتا ہے اور کس نے اٹھایا ہے یہ آج تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ آئین میں دئیے گئے حقوق کو سلب کرنے کے لئیے آئیں میں غیر قانونی ترامیم کی جاتی ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عوام کے مفادات کے خلاف فیصلے کر رہا ہے۔

پاکستان کے عوام اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ سید زین شاہ نے کہا کہ ملک کا نہ صرف سیاسی نظام تباہ ہوا ہے بلکہ ملک جنگی حالات میں داخل ہو رہا ہے۔ ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی تباہ ہو چکی ہے۔ ملک کو بچانے کیلیے موجودہ سیاسی سسٹم کو ختم کر کے شفاف انتخابات کروانے ہوں گے۔ ملک میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ملک کے خراب حالات کی عوام کو آگاہی دینے کیلیے ہم پورے ملک کے چاروں صوبوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں آئین کا تحفظ نہ ہو، ماروائے آئین قدم اٹھایا جائے، ملک میں حکمرانی غیر ملکی مفادات اور ان کے اشاروں پر چلے وہ ملک نہیں چل سکتا۔