قومی اسمبلی کے پانچ اور پنجاب اسمبلی کے 6 حلقوں میں ضمنی الیکشن سے قبل 31 اکتوبر تک پوسٹل بیلٹ کے لئے درخواستیں طلب

پیر 20 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے پانچ اور پنجاب اسمبلی کے 6 حلقوں میں ضمنی الیکشن سے قبل 31 اکتوبر تک پوسٹل بیلٹ کے لئے درخواستیں طلب کر لیں ۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد۔II ، این اے 104 فیصل آباد۔ این اے 143 ساہیوال۔

III ، این اے 185 ڈی جی خان۔II، پی پی 73 سرگودھا۔III ،پی پی98 فیصل آباد۔I، پی پی115 فیصل آباد۔XVIII، پی پی116 فیصل آباد۔XIX، پی پی203 ساہیوال۔I V اور پی پی 269 مظفر گڑھ۔ IIکے ضمنی انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی درخواستیں وصول کرنے کے لئے 31 اکتوبر 2025ء آخری تاریخ مقرر کی ہے۔ قانون کے مطابق یہ سہولت سرکاری ملازمین، آرمی کےافسران/جوانوں،ان کی بیویوں اور بچوں کو بھی میسرہے جو رجسٹرڈ ووٹرز ہیں اور ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں بشرطیکہ وہ عمومی طور پر ایسی جگہ پر رہائش پذیر ہوں جو کہ ان کے حلقہ انتخاب کے علاوہ ہو۔

(جاری ہے)

اسی طرح افراد باہم معذوری بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں جو سفرکرنے کے قابل نہ ہوں اور ان کے پاس نادرا کی طرف سے جاری کردہ جسمانی معذوری کے لوگو والا قومی شناختی کارڈ موجود ہو۔مزید وہ قیدی جو کسی جیل میں قید یاحراست میں ہوں وہ بھی پوسٹل بیلٹ کے استعمال کے حقدار ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اشخاص جن کو ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کی ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے تعینات کیا ہو بشمول پولیس اہلکاران جو ووٹ دینے کے اہل ہوں، ان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی تعیناتی کے 3 دن کے اندر پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائیں۔

پوسٹل بیلٹ کا فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ www.ecp.gov.pk سے بھی ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔وہ ووٹرجن کو پوسٹل بیلٹ جاری کیا جاتاہے، وہ پولنگ سٹیشن پر ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں ہوں گے۔پوسٹل بیلٹ کی درخواست ووٹر کے متعلقہ دفتر/محکمہ کی طرف سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے تاکہ غیر مجاز افراد پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست نہ دے سکیں۔