مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی بڑی تعداد میں کارکنان نے فنکشنل لیگ شمولیت اختیار کرلی

منگل 28 اکتوبر 2025 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے بڑی تعداد میں کارکنان نے فنکشنل لیگ ہائوس کراچی میں ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ڈسٹرکٹ ایسٹ سے تعلق رکھنے والے برکت بلوچ، عزیز بلوچ اور شانی بلوچ نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جبکہ مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد خصوصا ڈی ایم سی/ٹی ایم سی سینٹرل افسر ایسوسی ایشن کے سلیم احمد صدیقی، نور محمد، سید رضی رضوی، نعیم اعجاز اور دیگر نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈی ایم سی کے پلیٹ فارم سے فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

جبکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جازیب وسیم بھٹی سرفراز بھٹی سلمان روحیل اکرم یوسف مسیح عرفان بھٹی اور دیگر نے شمولیت اختیار کی شرکا نے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک و صوبے کی بگڑتی ہوئی سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال میں فنکشنل لیگ ہی حقیقی عوامی نمائندہ جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فنکشنل لیگ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام پانی، بجلی، صفائی، نکاسی آب، نوجوانوں کے روزگار اور امن و امان کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں، مگر پیپلز پارٹی اور کراچی کے نام پر سیاست کرنے والی جماعتوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ان کی سیاست صرف فارم 47 کے ذریعے کامیابیاں حاصل کرنے تک محدود ہے۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فنکشنل لیگ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پیر صاحب پگارا کی قیادت میں کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ "ہم متحد سندھ اور مضبوط پاکستان چاہتے ہیں۔ ہم اپوزیشن میں ضرور ہیں مگر عوامی خدمت میں سب سے آگے ہیں۔ کراچی کے عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ وعدوں کی سیاست چاہتے ہیں یا عمل اور خدمت کی سیاست۔

"انہوں نے مزید کہا کہ فنکشنل لیگ شہر کراچی کو نفرت ، کرپشن اور بدانتظامی کی سیاست سے نجات دلانے کے لیے میدان میں ہے۔آخر میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ کراچی کے عوام پیر صاحب پگارا کے ہاتھ مضبوط کریں، کیونکہ پیر صاحب عوام کے خیرخواہ ہیں اور عوام کے مسائل کو سمجھتے بھی ہیں اور حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔اس موقع پر فنکشنل لیگ کے رہنما جمیشید خان، غلام قادر لغاری، اسامہ جعفری، اللہ یار بلوچ، سید نجم رضوی، سید فرحان علی اور شارق خان سیمسن کھوکھر اشرف سئوٹھرا چوہدری اکرم موجود تھے۔