ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کے ویژن اور انکی بے مثال قیادت ، پارٹی کارکنان کی محنت کے سر ہے ،وزیراعظم شہبازشریف

پیر 24 نومبر 2025 02:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2025ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے این اے 143، چیچہ وطنی، این اے 129، لاہور اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان، پی پی 203 ساہیوال، پی پی 87 میانوالی، پی پی 116 فیصل آباد کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں طفیل جٹ، حافظ نعمان ،سردار محمود قادر خان لغاری ،چوہدری حنیف جٹ ، علی حیدر نور نیازی، احمد شہریار کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کا سہرا قائد میاں محمد نواز شریف کے ویژن اور انکی بے مثال قیادت ، پارٹی کارکنان کی محنت کے سر ہے اور یہ کامیابی وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کی صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت پر عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی پر اپنے پیغامات میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے این اے 143 میں کامیابی پر طفیل جٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح عوام کے مسلم لیگ ن کے عوامی خدمت کے جذبے اور کارکردگی پر اعتماد کی مظہر ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ محمد طفیل جٹ اپنے حلقے کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے عوامی خدمت کیلئے شب و روز محنت کریں گے۔

دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے این اے 129 لاہور کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ محمد نعمان کو بھی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ حافظ محمد نعمان اپنے حلقے کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے شب و روز عوامی خدمت کریں گے۔ این اے 185 ڈیرہ غازی خان کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار محمود قادر خان لغاری کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں چوہدری حنیف جٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے انکی کامیابی کو عوام کے مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد کا نتیجہ قرار دیا ۔ وزیر اعظم نے پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور نیازی اور پی پی 116 فیصل آباد سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی احمد شہریار کو بھی مبارک باد دی۔