ہوسکتا ہے فیض حمید کی نشاندہی پر قمر جاوید باجوہ پر بھی خفیہ تفتیش ہو رہی ہو،شیخ روحیل اصغر

وزیر دفاع کا کام قمر باجوہ سے متعلق مطالبہ کرنا نہیں بلکہ فیصلہ کرنا ہے،ن لیگی رہنماکاانٹرویو

بدھ 24 دسمبر 2025 21:55

ہوسکتا ہے فیض حمید کی نشاندہی پر قمر جاوید باجوہ پر بھی خفیہ تفتیش ہو ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2025ء) ن لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر نے کہاہے کہ ہوسکتا ہے فیض حمید کی نشاندہی پر قمر جاوید باجوہ کی بھی خفیہ تفتیش ہو رہی ہو۔ایک انٹرویو میں شیخ روحیل اصغرنے کہاکہ فیض حمید کو ہمت کرنی چاہیے اور بتانا چاہیے وہ اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ اور کون تھا تاہم ہو سکتا ہے فیض حمید کی نشاندہی پر قمر باجوہ پر بھی خفیہ تفتیش ہو رہی ہو۔

لیگی رہنمانے کہاکہ خواجہ آصف دبنگ اور صاف گو ہیں، جو دل میں آتا ہے بول دیتے ہیں،وہ وزیر دفاع ہیں، انہیں اپنے ادارے سے متعلق باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے، وزیر دفاع کا کام قمر باجوہ سے متعلق مطالبہ کرنا نہیں بلکہ فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں ایک میٹنگ میں ہمارے سامنے موروثی سیاست پر سوال اٹھایا تھا،تب میں نے کہا کہ آپ اپنے بچے کو آرمی چیف بنانا چاہیں گے، تو پھر میرا بچہ سیاستدان کیوں نہ بنے۔

(جاری ہے)

ن لیگی رہنما نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں نواز شریف کو چھوڑنے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا گیا، میں نے کہا کہ سیاست چھوڑ سکتا ہوں، مگر نواز شریف کو نہیں چھوڑوں گا اور وہ میرے اس جواب پر ناراض ہو گئے۔روحیل اصغر نے انکشاف کیا کہ ماضی میں جب شہباز شریف نے آصف زرداری سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے، تو نواز شریف ناراض ہوئے تھے، اور ان کی ناراضی کے بعد شہباز شریف نے پھر کبھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنا پی ٹی آئی کے منہ پر طمانچہ قرار دیا۔