پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) ضلع ملیرکا ایک اہم تنظیمی اجلاس

پیر 29 دسمبر 2025 20:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل)ضلع ملیر کا ایک اہم تنظیمی اجلاس فنکشنل لیگ سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم کی صدارت میں فنکشنل لیگ ہاس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع ملیر کے تنظیمی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل طے کیا گیا۔اجلاس میں غلام قادر لغاری کی سربراہی میں 15 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جو 28 جنوری تک فنکشنل لیگ ضلع ملیر کی باقاعدہ ضلعی باڈی تشکیل دے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فنکشنل لیگ ضلع ملیر کا ضلعی دفتر ملیر کینٹ کے گیٹ نمبر 6 کے سامنے قائم کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فنکشنل لیگ کو مضبوط بنانے کے لیے دن رات محنت کریں اور پیر صاحب پگارا کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال ضلع ملیر آج کراچی کا سب سے زیادہ پسماندہ ضلع بن چکا ہے، جہاں اربوں روپے وزیروں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماں کی کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ضلع ملیر کے عوام کی آواز بنیں اور ان کے بنیادی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔

انہوں نے ضلع ملیر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملیر جرائم کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں دیدہ دلیری سے گاڑیوں کی چوری، گٹکے کا کاروبار اور اسٹریٹ کرائم عروج پر ہیں، جس کے باعث عوام شدید خوف اور مشکلات کا شکار ہیں۔تعلیمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اسٹاف کی شدید کمی ہے، جس کے باعث طلبہ و طالبات مکمل طور پر تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں اور اسکولوں و کالجوں میں ویرانی کا عالم ہے۔

صحت کے شعبے کی ابتر صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے بجائے کمپانڈرز مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، مریضوں کو ادویات فراہم نہیں کی جاتیں اور ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی خستہ حالی پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملیر میں سڑکوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ایک ہی سڑک کی تعمیر کے لیے کرپشن کی غرض سے دس دس بار ٹینڈر جاری کیے جاتے ہیں، مگر عوام کو ریلیف نہیں ملتا۔آخر میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فنکشنل لیگ ضلع ملیر کے کارکنان عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے اور کرپشن، بدانتظامی اور ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔