Live Updates

معاملات طے کرنے والے بانی پی ٹی آئی سے ہی معاملات طے کرینگے، خواجہ آصف

امریکہ کی وینزویلا میں کارروائی نے پنڈورا بکس کھول دیا ، کل پیوٹن بھی یوکرائن کے صدر کو اغوا کرکے ماسکو لے جا سکتے ہیں، وزیر دفاع امریکہ نے ایران میں کسی قسم کی کارروائی کی تو یہ پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے بڑا چیلنج بن سکتا ہے، نیتن یاہو اس وقت دنیا کا سب سے مطلوب شخص ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 7 جنوری 2026 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2026ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معاملات طے کرنے والے بانی پی ٹی آئی سے ہی معاملات طے کریں گے، مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں،امریکا کی وینزویلا میں کارروائی نے پنڈورا بکس کھول دیا ہے، کل پیوٹن بھی یوکرین کے صدر کو اس طرح اغوا کرکے ماسکو لے جا سکتے ہیں،اگر امریکہ نے ایران میں کسی قسم کی کارروائی کی تو یہ پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے بڑا چیلنج بن سکتا ہے، نیتن یاہو اس وقت دنیا کا سب سے مطلوب شخص ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی محمود اچکزئی، ناصر عباس کے ذریعے مذاکرات چاہتی ہے،وہ خود مذاکرات کیلئے آگے نہیں آنا چاہتے، یہ بدنیتی ہے،پی ٹی آئی اور اتحاد میں شامل تمام جماعتیں مذاکرات میں شامل ہونی چاہئے، پی ٹی آئی مستقبل میں مذاکرات سے اظہار لاتعلقی کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین میں گورنرراج کی گنجائش ہے اس کے استعمال پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کسی بھی آپریشن کا حصہ بننے سے گریز کررہی ہے، صوبائی حکومت وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردوں کو ناراض نہیں کرنا چاہتی، اگر صوبائی حکومت ساتھ کھڑی ہو تو آپریشن کے مقاصد جلد حاصل ہوسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وینزویلا سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایک واضح اور جرات مندانہ مو قف اختیار کیا ہے، اگرچہ اس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے، تاہم اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ اگر وینزویلا میں کسی کارروائی کو درست قرار دیا جائے تو پھر روس کی یوکرین میں کارروائی کو غلط کہنا بھی مشکل ہو جائے گا، اس طرح کے دوہرے معیارات عالمی نظام کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج وینزویلا کی کارروائی کو جائز سمجھا جائے تو کل چین کو تائیوان پر قبضے سے کس طرح روکا جا سکے گا اسی طرح روسی صدر پیوٹن بھی یوکرائن کے صدر کو اغوا کر کے ماسکو لے جا سکتے ہیں جس سے عالمی قانون کی حیثیت مزید کمزور ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیبیا، شام اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرز کی کارروائیاں ہو چکی ہیں، ان اقدامات نے ورلڈ آرڈر کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا میں کارروائی نے ایک پنڈورا بکس کھول دیا ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران میں کسی قسم کی کارروائی کی تو یہ پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2012ء سے یہ کہا جا رہا ہے کہ ایران ایٹم بم بنا رہا ہے، مگر اس کے باوجود کوئی حتمی ثبوت سامنے نہیں آ سکا۔ وفاقی وزیر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انسانیت کا بدترین مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت دنیا کا سب سے مطلوب شخص ہے ،فلسطینیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ واقعی انسانیت کا دوست ہے تو اسے نیتن یاہو کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا چاہئے، یورپ نے ماضی میں بڑے لیڈر پیدا کیے، مگر اس وقت یورپی قیادت کی خاموشی افسوسناک ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات