فیصل آباد،سابق رکن قومی اسمبلی میجر (ر) راجہ نادر پرویز انتقال کرگئے

بدھ 21 جنوری 2026 22:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2026ء) فیصل آباد سے منتخب ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی میجر (ر) راجہ نادر پرویز انتقال کرگئے۔ میجر ریٹائرڈ راجہ نادر پرویز 11 نومبر 1940 کو پیدا ہوئے مرحوم پاک فوج اورملک کی قومی سیاست کا نمایاں چہرہ رہے 1971ئ کی پاک بھارت جنگ میں رن کچھ کا ہیرو کہا جاتا ہے اور مختلف ادوار میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے۔

انہوں نے 1985 میں این اے 69 فیصل آباد، 1993 میں این اے 37 راولپنڈی، 1997 میں این اے 62 فیصل آباد اور 2002 میں این اے 85 فیصل آباد سے ایم این اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ میجر (ر) راجہ نادر پرویز مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور اسلامی جمہوری اتحاد سے وابستہ رہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر پانی و بجلی کے اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر راجہ نادر پرویز کے انتقال کی خبر فیصل آباد کے لیے ایک گہرے صدمے سے کم نہیں۔ وہ شہر کی اٴْن ممتاز اور باوقار سیاسی و سماجی شخصیات میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے عوامی خدمت، شائستگی اور اصولی سیاست کے ذریعے اپنی ایک منفرد پہچان قائم کی۔ راجہ نادر پرویز مرحوم کا شمار اٴْن سیاست دانوں میں ہوتا تھا جو اقتدار کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی امانت سمجھتے تھے۔

وفاقی وزیر کی حیثیت سے انہوں نے نہ صرف قومی سطح پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں بلکہ فیصل آباد کے مسائل، بالخصوص شہری سہولیات، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ شہر کی ترقی کے کئی منصوبے اٴْن کی کاوشوں کا نتیجہ تھے جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ان کی سیاست میں شائستگی، برداشت اور مکالمہ نمایاں تھا۔

اختلاف کے باوجود ذاتی احترام کو مقدم رکھنا ان کا خاص وصف تھا، جس کی وجہ سے وہ مختلف سیاسی حلقوں میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ فیصل آباد کی سماجی زندگی میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا اور وہ ہر مشکل وقت میں شہر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ راجہ نادر پرویز کے انتقال سے فیصل آباد ایک سنجیدہ، مدبر اور عوام دوست رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔

ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا نام شہر کی سیاسی تاریخ میں احترام کے ساتھ لیا جاتا رہے گا۔۔ان کے انتقال پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین