جی ڈی اے کا 8فروری کو ملک میں ہونے والے جعلی، منظم اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے انتخابات کے خلاف سندھ بھراحتجاج کا اعلان

�ری 2024 کے انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہیں، عوام کی رائے کو طاقت اور فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا،سردار عبدالرحیم

اتوار 1 فروری 2026 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2026ء) گریند ڈیموکریٹک الائنس کے سیکرٹری اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای)کے سربراہ، حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر 8 فروری کو ملک میں ہونے والے جعلی، منظم اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے انتخابات کے خلاف سندھ بھر کے تمام ضلعی پریس کلبوں کے سامنے جی ڈی اے کی جانب سے بھرپور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

پیر صاحب پگارا نے اپنے حالیہ سندھ کے دوروں کے دوران افواج پاکستان کے ہاتھ مظبوط کرنے اور سرحدوں کے حفاظت پر زور دیا ہے ۔ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف افواج پاکستان کی کارروائی قابل فخر ہے فنکشنل لیگ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہیں، جن میں عوام کی رائے کو طاقت، دھونس، انتظامی مداخلت اور فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات نہ صرف آئین پاکستان بلکہ جمہوری اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ رائے دہی کی کھلی توہین ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک کے عوام آج بھی اس جعلی نظام کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بدترین حکومتی نااہلی اسی جعلی مینڈیٹ کا نتیجہ ہے۔ ایسے حالات میں خاموش رہنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی،سردار عبدالرحیم نے تمام ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح کے عہدیداران، کارکنان، ہمدردوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور ثابت کریں کہ سندھ کا باشعور عوام جعلی انتخابات اور جعلی حکمرانوں کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ احتجاج عوام کے چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف آواز بلند کرنا اور حقیقی جمہوریت کی بحالی ہے۔آخر میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے عوام کے حقِ حکمرانی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے ذریعے عوام کو ان کا اصل حق واپس نہیں مل جاتا۔