ریئل ورلڈ فائٹ لیگ نے کھیلوں کے میدان میں نوجوانوں کی شمولیت کے نئے معیار قائم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، عمر احمد

منگل 3 فروری 2026 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2026ء) ریئل ورلڈ فائٹ لیگ نے کھیلوں کے میدان میں نوجوانوں کی شمولیت کے نئے معیار قائم کرنا جاری رکھا ہوا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی نئی نسل (Gen Z) کو ایک ایسا منظم اور محفوظ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ ایکشن فلموں، کارٹونز اور ویڈیو گیمز سے حاصل ہونے والی ترغیب کو حقیقی ایتھلیٹک کامیابیوں میں بدل سکیں۔

حال ہی میں لاہور کے 'بریو جم' میں منعقدہ "ریئل ورلڈ فائٹ لیگ - ونٹر وارز ایڈیشن" نے پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے لیگ کی چھ سالہ مستقل جدوجہد پر مہر ثبت کر دی۔ پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن سے منظور شدہ اس ایونٹ میں ایل جی ایس (LGS)، ایچی سن کالج، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU)، بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی (BNU)اور انٹرنیشنل سکول آف لاہور جیسے نامور تعلیمی اداروں کے طلبا سمیت لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے فائٹرز نے حصہ لیا، جو لیگ کے بڑھتے ہوئے قومی دائرہ کار کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہا کہ کہ مقابلے کے دوران پیشہ ورانہ نگرانی میں تقریباً دس فائٹس منعقد ہوئیں جو سخت حفاظتی پروٹوکولز کے تحت انجام پائیں، جس کا مقصد نظم و ضبط، تربیت کے معیار اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود پر زور دینا تھا۔اس شام کا ایک نمایاں مقابلہ خواتین کی کیٹیگری میں تھا، جہاں بی این یو کی میڈیا سٹوڈنٹ اور بریو جم کی ایتھلیٹ رومیسہ نے پاکستان کی نیشنل گولڈ میڈلسٹ باکسر کے خلاف تین اعصاب شکن رائونڈز کے بعد شاندار کامیابی حاصل کی۔

اس مقابلے نے تماشائیوں کی بھرپور توجہ حاصل کی اور پاکستان میں ایم ایم اے کے میدان میں خواتین کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو اجاگر کیا۔دیگر نمایاں کارکردگیوں میں انٹرنیشنل سکول آف لاہور کی ایمان زہرہ نے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا جبکہ 'مین ایونٹ' میں سپیریئر یونیورسٹی کے رمضان اور جی سی یو کے عفان کے درمیان پانچ رائونڈز پر مشتمل دلچسپ مقابلہ ہوا جس نے ایونٹ کو عروج پر پہنچا دیا۔

لاہور اور اسلام آباد کے فائٹرز کے درمیان ہونے والے ان مقابلوں نے اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور شہروں کے درمیان صحت مند مقابلے کے رجحان کو بھی ظاہر کیا۔ایونٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہا کہ ریئل ورلڈ فائٹ کا تصور نوجوانوں کو ایک ایسے ماحول میں اپنی ہمت اور حوصلے آزمانے کا موقع دینا ہے جہاں نظم و ضبط اور کنٹرول ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقابلے سے ہٹ کر، شرکا میں خود اعتمادی، محنت، قائدانہ صلاحیتیں، عاجزی اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کی قوت پیدا ہوتی ہے ،یہ وہ خصوصیات ہیں جو کھیل کے میدان سے باہر عملی زندگی میں بھی کام آتی ہیں۔عمر احمد نے مزید کہا کہ بہت سے شرکا آگے چل کر پیشہ ورانہ کریئر اور قیادت کے کردار سنبھالتے ہیں، جس سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

پاکستان کی ٹیپ بال کرکٹ کلچر سے تشبیہ دیتے ہوئے انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ایم ایم اے بھی اسی طرح ایک بڑے سپورٹس ایکو سسٹم کے طور پر ابھر سکتا ہے جس کی تجارتی اور ثقافتی اہمیت ہوگی۔لیگ کی اس ترقی کا سہرا قائم عباس کی محنت اور طویل مدتی وژن کے سر بھی جاتا ہے جنہوں نے بریو جم کے مینٹرشپ سسٹم کے ساتھ مل کر گزشتہ چھ سالوں کے دوران اس پلیٹ فارم کی تعمیر اور استحکام میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ریئل ورلڈ فائٹ لیگ اب اپنے ساتویں سال میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے اور یہ مسلسل خوابوں اور مواقع کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے جو پاکستانی نوجوانوں کو کھیل کے ذریعے نظم و ضبط، کردار سازی اور ذمہ دار شہریت کی راہ دکھا رہی ہے۔