پاکستان عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہی: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو

جمعہ 27 فروری 2026 22:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2026ء) سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ سات سال قبل دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا اور جھوٹے بیانیے پر مبنی اندازوں میں ہماری صلاحیت اور عزم کا غلط تخمینہ لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، تاہم دن کی روشنی میں نپی تلی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے پاک فضائیہ نے عددی برتری رکھنے والے دشمن کے خلاف اپنی دفاعی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پیچیدہ عالمی و علاقائی ماحول اور جنگ کے تیزی سے بدلتے رجحانات کے پیش نظر، مالی مشکلات کے باوجود مارچ 2021 سے پاک فضائیہ نے جامع جدت طرازی اور مقامی تیاری کا سفر شروع کیا تاکہ اسے نیکسٹ جنریشن ایئر فورس میں تبدیل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جدید جنگ کے تقاضوں کے مطابق آپریشنل ڈاکٹرائن کو ازسرنو ترتیب دیا گیا اور کم وقت میں جدید حربی و معاون صلاحیتوں کے ساتھ خصوصی ٹیکنالوجیز کو فعال کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ریکارڈ وقت میں مقامی طور پر تیار کردہ بغیر پائلٹ فضائی نظام، الیکٹرانک وارفیئر، خلائی اور سائبر وسائل کو یکجا کرتے ہوئے ایک منفرد مقامی ‘‘کل چین’’ تیار کی، جس سے مربوط کثیر جہتی آپریشنل صلاحیتیں مضبوط ہوئیں۔

معرکہ? حق کے دوران ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے ظہیر احمد بابرسدھو نے کہا کہ مئی 2025 کے ابتدائی لمحات میں جب جارح دشمن نے دوبارہ خودمختاری کو چیلنج کیا تو پاک فضائیہ کا جواب توقعات سے کہیں زیادہ حیران کن تھا۔ ان کے مطابق تاریخ میں پہلی بار مکمل دائرہ کار پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز انجام دیے گئے، جن کے نتیجے میں دشمن کو فیصلہ کن نقصان اٹھانا پڑا۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور مادرِ وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔پاک فضائیہ نے قوم کے ساتھ مل کر آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی ساتویں سالگرہ منائی، جسے جدید فضائی جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت، متوازن ردعمل اور قومی اتحاد کی نمایاں مثال قرار دیا گیا۔