سیاسی انتقام کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، پی ٹی آئی کا جی ایچ کیو حملہ کیس میں سزاؤں پر ردعمل

متعدد رہنماؤں کو غیر حاضری میں سزا سنائی گئی، پاکستان کے عوام باشعور ہیں، وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ملک میں جاری یہ کارروائیاں دراصل سیاسی انجینئرنگ کا تسلسل ہیں؛ پارٹی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 7 مارچ 2026 16:03

سیاسی انتقام کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، پی ٹی آئی کا جی ایچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مارچ2026ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اے ٹی سی راولپنڈی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں سزاؤں پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی اعلامیہ کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سنائی جانے والی سزائیں ناصرف انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں بلکہ یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں انتقامی کارروائیوں کی ایک اور افسوسناک مثال ہیں، 9 مئی کے واقعات کو ایک منظم بیانیے کے تحت پاکستان تحریک انصاف اور اس کی قیادت کے خلاف استعمال کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ ان واقعات کو بنیاد بنا کر ایک پوری سیاسی جماعت کو کچلنے، اس کی قیادت کو جیلوں میں ڈالنے اور کارکنان کو خوفزدہ کرنے کی منظم کوشش کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف بارہا واضح کر چکی ہے کہ پارٹی کا مؤقف ہمیشہ آئین، قانون اور پرامن سیاسی جدوجہد پر مبنی رہا ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ فیصلے نے یہ تاثر مزید مضبوط کیا ہے کہ ملک میں انصاف کے نظام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، قائد تحریک انصاف عمران خان کو طویل عرصے سے قید میں رکھا گیا ہے، پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنان کو مختلف مقدمات میں الجھا کر سیاسی عمل کو محدود کیا جا رہا ہے اور اب جی ایچ کیو کیس میں دی جانے والی سزائیں اسی سلسلے کی ایک کڑی نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس کیس میں کل 47 رہنماؤں اور کارکنان کو سزا دی گئی جن میں اہم نام عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، شیخ راشد شفیق، شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ اور دیگر شامل ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان میں سے متعدد رہنماؤں کو غیر حاضری میں سزا سنائی گئی، پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ یہ فیصلے نہ تو عوام کی آواز کو دباسکتے ہیں نہ ہی پارٹی کی جمہوری جدوجہد کو روک سکتے ہیں، ہم اس فیصلے کے خلاف تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے اور ہر فورم پر انصاف کے لیے آواز بلند کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ سیاسی انتقام کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، ملک میں آئین و قانون کی حقیقی بالادستی قائم کی جائے اور تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ملک میں جاری یہ کارروائیاں دراصل سیاسی انجینئرنگ کا تسلسل ہیں، تحریک انصاف اپنے کارکنان اور عوام کے ساتھ مل کر جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقِ حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔