Live Updates

فیول قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت،آل پاکستان ٹرانسپورٹرز سپریم کونسل کی ٹرانسپورٹرز کو گاڑیاں کھڑی کرنے کی اپیل

جنگی صورتحال کی آڑ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں "خوفناک اضافہ" ٹرانسپورٹرز کے خلاف سازش ہے، کیپٹن (ر)آصف محمود

پیر 6 اپریل 2026 16:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2026ء) ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز سپریم کونسل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے فوری طور پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی اپیل کردی ہے۔یہ فیصلہ ہاکس بے ٹرکس اسٹینڈ پر چیئرمین سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کیپٹن (ر) آصف محمود کی زیر صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس میں سینئر وائس چیئرمین ملک ریاض اعوان، جنرل سیکریٹری حنیف خان مروت، وائس چیئرمین دلاور خان نیازی، مراد خان درانی، اقبال شاہزئی، حمید شاہین عمرانی اور اختر سعید خان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر)آصف محمود نے کہا کہ جنگی صورتحال کی آڑ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں "خوفناک اضافہ" ٹرانسپورٹرز کے خلاف سازش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس اچانک اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ برادری مفلوج ہو جائے گی بلکہ ملک کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر صورتحال یہی رہی تو آئندہ چند روز میں ملک بھر میں اشیائے خوردونوش اور دیگر تجارتی سامان کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جو ایک بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل نے حکومت کی جانب سے سبسڈی دینے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے مختلف شعبوں کو الگ الگ سبسڈی دینا ممکن نہیں، اور یہ اعلان زمینی حقائق سے لاعلمی ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی فیول کی بڑھتی قیمتوں، ٹائرز، اسپیئر پارٹس اور ٹول ٹیکسز میں اضافے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حالیہ اضافہ ان کے لیے "آخری ضرب" ثابت ہو سکتا ہے۔

کیپٹن(ر)آصف محمود نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں فوری طور پر کھڑی کردیں اور جب تک حکومت یہ فیصلہ واپس نہیں لیتی، سڑکوں پر نہ آئیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس موقع پر مشترکہ اور موثر ردعمل نہ دیا گیا تو یہ اقدام ٹرانسپورٹ برادری کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات