Live Updates

بھارت میں ندا خان کیس متنازعہ رخ اختیار کر گیا، جعلی کہانی کا مقصد مودی حکومت کی اپنی سفارتی ناکامیوں سے توجہ ہٹاناہے، تجزیہ کار

جمعرات 16 اپریل 2026 21:32

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) بھارت میں نداخان سے متعلق کیس نے تیزی سے ایک متنازعہ اور سیاسی رخ اختیار کر لیا ہے،جہاں ایک کارپوریٹ سطح کے ہراسمنٹ کیس کو مبینہ طور پر مذہبی اور نظریاتی رنگ دے کر پیش کیا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ کیس مہاراشٹر کے شہرناسک میں ٹاٹاکنسلٹینسی سروسزسے منسلک ایک بی پی او یونٹ میں پیش آیا، جہاں ندا خان بطور ایچ آر مینیجر خدمات انجام دے رہی تھیں۔

ابتدائی رپورٹس میں کام کی جگہ پر ہراسمنٹ اور بدانتظامی کے الزامات سامنے آئے، تاہم بعد ازاں اس کیس کو مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پربڑے پیمانے پر سنسنی خیز انداز میں پیش کیا جانے لگا۔ندا خان پر لگائے گئے الزامات کو مسلمانوں کو بدنام کرنے کی ایک بڑی کہانی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پرملازمین کی جنسی ہراسمنٹ، چھیڑ چھاڑ اور دیگر شکایات کو نظر انداز کیا اور متاثرین کو مناسب فورم فراہم نہیں کیا۔

تاہم ناقدین نے کہاکہ اس کیس کو کارپوریٹ جہاد اور لو جہاد جیسے بیانیوں سے جوڑ کر مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ان بیانیوں کامقصد ندا خان کو بھارت کے کارپوریٹ اور سماجی شعبے میں مسلمانوں کی مبینہ سازش کی علامت بنا نابھی ہے ۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ نداخان پر الزامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے اور انہیں ایک مخصوص مذہبی بیانیے سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میڈیا اور تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ مل تیار کی گئی مودی حکومت کی اس جعلی کہانی کا مقصد دراصل ایران-امریکہ تنازع کے درمیان اپنی سفارتی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانابھی ہے ۔سیاسی مبصرین کے مطابق کیس کی نوعیت میں اس تبدیلی نے اسے ایک عام کارپوریٹ معاملے سے ہٹا کر ایک نظریاتی اور مذہبی تنازع میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانیے نہ صرف معاشرتی تقسیم کو بڑھاتے ہیں بلکہ اصل مسئلے یعنی کام کی جگہ پر ہراسمنٹ اور احتساب سے بھی توجہ ہٹا دیتے ہیں۔

ندا خان کو 10اپریل کوگرفتار کیا گیا جبکہ مارچ اوراپریل کے دوران ان کے خلاف متعدد مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ دوسری جانب حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ بعض رہنمائوں نے اس معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ وشو ہندو پریشدسمیت دیگر ہندو تواتنظیموں نے بھی احتجاج اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ان تنظیموں نے آئی ٹی کمپنیوں میں مبینہ نیٹ ورکس کی مکمل چھان بین پرزورزور دیا ہے۔ماہرین اور ناقدین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا سنسنی پھیلانے اور سیاسی دبائو سے ہٹ کر قانونی عمل کو اپنی سمت میں آگے بڑھنا چاہیے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ندا خان کیس اس بات کی واضح مثال ہے کہ کس طرح ایک مقامی نوعیت کا معاملہ وسیع تر سیاسی اور سماجی بیانیے میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف متعلقہ افراد بلکہ مجموعی معاشرتی ہم آہنگی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ ٹاٹاکنسلٹینسی سروسزنے اپنے ردعمل میں واضح کیا ہے کہ کمپنی ہراسمنٹ اور کسی بھی قسم کی زبردستی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتی ہے اور وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات