ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کو متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین بننے پر مختلف شخصیات کی مبارکباد

اتوار 19 اپریل 2026 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کو متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین بننے پر مختلف شخصیات نے مبارکباد دی ہے ۔سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی،آستانہ عالیہ کھریپڑ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر اویس عالم قادری،سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری اطلاعات ارشد مصطفائی،انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے،آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سعد الرحمان نقشبندی،اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان،تنظیمات اہلسنت پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی،پاکستان فلاح پارٹی کے سربراہ محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ،جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید احسان گیلانی، مصطفائی تحریک کے ڈویژنل صدر مشتاق احمد قادری اور دیگر نے ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کو متحدہ علما بورڈ پنجاب کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری ایک جید عالم دین،مدبر اور باصلاحیت شخصیت کے مالک ہیں،جن کی تقرری سے متحدہ علما بورڈ پنجاب مزید فعال اور موثر کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تقرری سے صوبے میں مذہبی ہم آہنگی، اعتدال اور رواداری کے فروغ میں اہم پیش رفت ہوگی۔موجودہ دور میں مذہبی معاملات میں سنجیدگی،بصیرت اور اعتدال کی اشد ضرورت ہے اور ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں بورڈ ان چیلنجز سے احسن انداز میں نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے علما کرام کے درمیان اتحاد کو فروغ دیں گے اور معاشرے میں مثبت دینی اقدار کے فروغ کے لیے موثر اور جراتمندانہ اقدامات کریں گے۔