معاشی استحکام کیلئے پاکستان تجارت کی پالیسی اپنائی:ندیم ارشد بھٹی

منگل 21 اپریل 2026 18:22

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2026ء) انٹرنیشنل یوتھ بزنس فورم کے صدر محب وطن اوورسیز پاکستانی ندیم ارشد بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی استحکام اورایشین ٹائیگربنانے کیلئے ایڈ کی بجائے ٹریڈاور سرمایہ کاری پر مبنی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے جس کا مقصد خود انحصاری ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور برآمدات کو فروغ دینا ہو،ٹریڈ کی پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے صنعتی اداروں کوسستی بجلی و گیس کی تسلسل کیساتھ فراہمی ، ٹیکس کے نظام میں بہتری اور ریگولیٹری رکاوٹوں کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ملکی پیداوارکو بڑھا نے اور خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی کم کر کے مقامی مصنوعات کو سستا بناکر ہی عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار منڈی بہائوالدین سے تعلق رکھنے والے انگلینڈ کے شہر مانچسٹرمیںمقیم انٹرنیشنل یوتھ بزنس فورم کے صدر محب وطن نوجوان سیاسی وسماجی رہنما اوورسیز پاکستانی ارشد ندیم بھٹی نے اپنے دورہ پاکستان کے اختتام پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل یوتھ بزنس فورم کے صدر اوورسیز پاکستانی ندیم ارشد بھٹی نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا صحیح استعمال، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے پیداواری صلاحیت کو بڑھانے پر توجہ دی جائے ،ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں موجود رقم کو صرف پاکستانی برآمدات میں اضافے،متعلقہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی ہنر مندی، ٹریننگ اور عالمی معیار کی جدید سہولتوں کیلئے استعمال کیا جائے، ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ لیکر اس کی تشکیل نو کی جائے،صرف ٹیکسٹائل تک محدود رہنے کے بجائے نان ٹریڈیشنل اشیا ء انفار میشن ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات کو برآمدی فہرست میں شامل کیا جائے ،تجارت کے ذریعے پاکستان اپنی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچا سکتا ہے، جس سے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور صنعتی ترقی کوبھی فروغ ملے گا۔