چیئرمین ایچ ای سی کا سيبس یونیورسٹی جامشورو کا دورہ، ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف

منگل 21 اپریل 2026 22:48

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2026ء) ہائیر ايجوکيشن کميشن کے چیئرمین پروفيسر ڈاکٹر نياز احمد اختر (ستاره امتياز) نے شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو کا دورہ کیا، دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے نو قائم شدہ سینٹرل ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کیا، جو یونیورسٹی میں تدریسی اور تحقیقی سہولیات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے طلبہ کی جانب سے قائم مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا جہاں آرٹ سے متعلق پراجيکٹس پیش کیے گئے۔ انہوں نے کمیونیکیشن ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ سے ملاقات بھی تھی، جنہوں نے وادیٔ سندھ کی تہذیب پر مبنی اے آئی ویڈیو گیمز، ویب سائٹس اور اینیمیشن کے جدید پراجيکٹس پیش کیے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر اختر نے ان منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کی تیاری، تعلیمی اور مارکیٹ اہمیت کے حوالے سے سوالات کیے۔

فیکلٹی اور انتظامی عملے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے طلبہ کے ڈیجیٹل اور عملی دونوں نوعیت کے پراجيکٹس کو سراہا۔ انہوں نے آرٹ ورک کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سطح کا کام عموماً بڑے شہروں جیسے کراچی، لاهور، اور اسلام آباد میں دیکھنے کی توقع کی جاتی ہے، تاہم جامشورو میں اسے دیکھ کر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پراجيکٹس وائس چانسلر، فیکلٹی اور طلبہ کی محنت، ٹیم ورک اور وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، کميونيکيشن اسکلز اور جدت انگیز سوچ کو سراہتے ہوئے انہوں نے ان کے کام کو شاندار قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اختر نے مزید اعلان کیا کہ هيک، پنجاب کے معروف آرٹ اداروں جیسے نيشنل کالج آف آرٹس لاهور، کالج آف آرٹ اينڈ ڈزائن جامع پنجاب اور بيکن هائوس نيشنل يونيورسٹی لاهور کے ساتھ سيبس یونیورسٹی جامشورو کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدے کے قیام کے ليے کوشش کرے گی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے چیئرمین ایچ ای سی کے دورے کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کی ترقی کے لیے ان کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی کے ہمراہ انچارج ریجنل سینٹر ایچ ای سی سلیمان احمد، ریجنل ہیڈ سند ھ پاکستان انجنيئرنگ کونسل انجنيئر نياز احمد، وائس چانسلر سندھ مدرسته اسلام يونيورسٹی کراچی پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی، وائس چانسلر يونيورسٹی آف ميرپورخاص پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن، سابق وائس چانسلرمہران يونيورسٹی جامشورو پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (سسٹم مینجمنٹ) ایچ ای سی اسلام آباد جمشید اے بی سومرو بھی موجود تھے۔