Live Updates

صدر ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو آبنائے ہرمز میں کارروائیوں میں 3 گنا تیزی لانے کا حکم دے دیا

امریکی بحریہ میرے حکم پر عمل میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہ دکھائے، امریکاکی اجازت کے بغیر کوئی جہاز آسکتا ہے نہ جاسکتا ہے، ایران کے معاہدہ کرنے تک آبنائے ہرمز مکمل بند رہے گی، امریکی صدر ٹرمپ کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 اپریل 2026 21:18

صدر ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو آبنائے ہرمز میں کارروائیوں میں 3 گنا تیزی ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 23 اپریل 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو آبنائے ہرمز میں کارروائیوں میں 3 گناتیزی لانے کا حکم دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں پر کاروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امریکی بحریہ میرے حکم پر عمل میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہ دکھائے۔

ایرانی بحریہ کے جہازوں کی طرح ان کشتیوں کو بھی سمندر کی تہہ میں پہنچائیں گے۔ آبنائے ہرمز پر ہمارا کنٹرول ہے، امریکی بحریہ کی اجازت کے بغیر کوئی جہاز آسکتا ہے اور نہ جاسکتا ہے۔ آبنائے ہرمز مکمل بند ہے جب تک ایران معاہدہ کرنے کے قابل نہ ہوجائے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران مشکل دور سے گزر رہا ہے ان کو معلوم ہی نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے؟ ایرانی انتہاپسند جنگ کے میدان میں بری طرح شکست کھا چکے ہیں، ایرانی انتہاپسند آپس میں جھگڑ رہے ہیں، ایران میں اعتدال پسند کسی طور پر اعتدال پسند نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

نیوزایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ چھوٹی ہو یا بڑی ہر کشتی کو نشانہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے تمام 159 بحری جہاز سمندر کی تہہ میں جا چکے ہیں، امریکی مائن سوئپرز آبنائے ہرمز کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں کارروائیاں تین گنا بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کوئی تاخیر یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو اپنے رہنما کے تعین میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایران کے اندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسندوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں، سخت گیر عناصر میدانِ جنگ میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نام نہاد اعتدال پسند درحقیقت معتدل نہیں لیکن پذیرائی حاصل کر رہے ہیں، سخت گیر عناصر میدانِ جنگ میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں، آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے۔

دوسری جانب امریکی افواج نے بحر ہند میں ایک بحری جہاز قبضے میں لے لیا، جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ جہاز میں ایرانی تیل لے جایا جا رہا تھا، امریکی فوج نے جہاز Majestic X کی تلاشی لی، کارروائی بحرِ ہند میں انڈو پیسفک کمان نے کی۔امریکی محکمہ جنگ کے مطابق ایران کو معاونت فراہم کرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، چاہے انہیں کہیں سے بھی آپریٹ کیا جارہا ہو، محکمہ جنگ سمندر میں غیر قانونی عناصر اور انکے جہازوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں کو پابندیوں کا شکار عناصر کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء آبنائے ہرمز میں بڑی تعداد میں ایرانی اسپیڈ بوٹس کی نقل و حرکت کی سیٹلائیٹ تصاویر سامنے آگئیں۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سامنے آنے والی سیٹلائٹ تصاویر میں ایران کے کرگان ساحل کے قریب سمندر میں چھوٹی کشتیوں کے ایک بیڑے کو دیکھا گیا ہے۔خیال رہے کہ امریکی حکام کے مطابق ایران جنگ کے دوران ایرانی بحریہ کے زیادہ تر بڑے جہاز تو تباہ ہوچکے ہیں تاہم پاسداران انقلاب کے بحری اثاثوں کا بڑا حصہ اب بھی برقرار جو زیادہ تع تیز رفتار چھوٹی کشتیوں پر مشتمل ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات