پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا

ہفتہ 25 اپریل 2026 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2026ء) پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان نے سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھجوایا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ مقامی طور پر تیار کیے گئے ای او سیٹلائٹ کی لانچنگ ایک اور اہم سنگ میل ہے اور ای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے خودانحصاری اور شاندار ٹیکنالوجی کی طرف اہم سفرہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیٹلائٹ ای او تھری شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جدید تصویری ڈیٹا فراہم کریگا، یہ سیٹلائٹ غذائی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے جدید تصویری ڈیٹابھی فراہم کریگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ای اوتھری کی کامیابی ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گی، ای او تھری سیٹلائٹ مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کی تکمیل میں مدددیگا اور پائیدارسماجی ومعاشی ترقی میں کردار ادا کریگا۔

(جاری ہے)

سپارکو کی جانب سیای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ کی تاریخی کامیابی کا اعلان کیاگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق تاریخی موقع پر وزیرِاعظم نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اور خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے غیر متزلزل تعاون کا بھی اعادہ کیا۔