سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا پاکستانی سیکیورٹی اداروں سے عدم تعاون، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے نوٹس لے لیا

بدھ 29 اپریل 2026 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2026ء) سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاکستانی سیکیورٹی اداروں سے عدم تعاون کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے نوٹس لے لیاہے اورسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے فوری بریفنگ طلب کرلی ہے۔سائبر کرائمز کے خاتمے میں فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کے عدم تعاون پر قائمہ کمیٹی متحرک ہوئی ہے اورسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کا اہم اجلاس آج جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کی جانب سے پاکستانی اداروں سے عدم تعاون کا معاملہ زیر غور آئے گا۔سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے میٹا پلیٹ فارم سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دیں گیجرائم کی تحقیقات کے لیے فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کی جانب سے ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر اہم مشاورت ہوگی۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی مقاصد کے لیے میٹا سے ڈیٹا کے حصول کے آئندہ لائحہ عمل پر قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

میٹا کی کمیونٹی گائیڈ لائنز پاکستانی قوانین سے متصادم ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وزیر دفاع خواجہ آصف کی ایکس پر اسرائیل مخالف ٹویٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔خواجہ آصف کی اسرائیل مخالف ٹویٹ ایکس سے ہٹائے جانے پر قائمہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔