کراچی کی ترقی ایڈہاک ازم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑی جا سکتی سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سنگِ میل ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

کے ایس ڈی پی-2020 کا من و عن نفاذ یقینی بنایا جائے، عدالتی حکم نے انتظامی من مانی کے سامنے بند باندھ دیا، سینئر مرکزی رہنما ایم کیو ایم پاکستان

جمعرات 30 اپریل 2026 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کراچی اسٹریٹجک ڈویلپمنٹ پلان (KSDP-2020) کے حوالے سے دیا گیا حالیہ فیصلہ شہر کے مستقبل کے لئے ایک بڑی قانونی ڈھال بن کر سامنے آیا ہے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اس فیصلے کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں اسے کراچی کے چار کروڑ عوام کے حقوق کا محافظ قرار دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ عدالتِ عالیہ نے نئے ماسٹر پلان کی منظوری تک پرانے پلان کو نافذ رکھ کر شہر کو ایک بڑے انتظامی بحران اور منصوبہ بندی کے خلا سے بچا لیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے عدالتی فیصلے کے اس نکتے پر خصوصی توجہ مبذول کروائی کہ جب تک نیا منصوبہ یعنی گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 عوامی امنگوں کے مطابق باضابطہ طور پر نوٹیفائی نہیں ہوتا KSDP-2020 برقرار رہے گا، انہوں نے کہا عدالت نے یہ واضح کر کے تاریخ رقم کی ہے کہ موجودہ پلان سے انحراف قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پلان کے ایک ایک نکتے کا من و عن نفاذ یقینی بنایا جائے، اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ نئے منصوبوں کے انتظار میں موجودہ قواعد کو پامال کر کے غیر قانونی منصوبوں کی راہ ہموار کی جاتی ہے مگر اب عدالتی حکم کے بعد کسی بھی ادارے کو اس انحراف کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے مقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری برسوں سے ایک مربوط ترقیاتی نظام کے منتظر ہیں، انہوں نے کہا کہ عدالت کا یہ قرار دینا کہ پرانا پلان معطل نہیں ہو سکتا اس بات کی ضمانت ہے کہ شہر میں جاری انفراسٹرکچر کے منصوبے کسی قانونی پیچیدگی کا شکار نہیں ہوں گے، ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومتِ سندھ کو دی گئی عدالتی ہدایت کی حمایت کی کہ قواعد و ضوابط جلد مکمل کر کے شہر میں ایک یکساں نظام رائج کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کو ٹکڑوں میں بانٹنے کے بجائے ایک ہی ماسٹر پلان کے تحت چلانا عوامی امنگوں کا محور ہے، متعلقہ اداروں کو پہلے سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا لازمی قرار دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اب بیوروکریسی کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت نئے ماسٹر پلان کی تیاری میں ہونے والی مجرمانہ تاخیر کا جواب دے عدالت نے تو شہر کو مکمل تباہی سے بچانے کے لئے کسی حد تک قانونی راستہ نکال دیا ہے لیکن سندھ حکومت اسے اپنی نااہلی چھپانے کا لائسنس نہ سمجھے، ہمیں ایسا گریٹر کراچی پلان چاہیئے جو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور عوامی امنگوں کا ہو لیکن جب تک وہ نہیں آتا KSDP-2020 کا نفاذ ہی کراچی کی بقا کا واحد راستہ ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے عزم ظاہر کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس عدالتی فیصلے پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کے لئے پہرہ دے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں تسلسل اور قانونی ہم آہنگی ہی وہ راستہ ہے جس سے اس شہر کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہے۔