ں*جمہوریت کے فروغ، تسلسل اور استحکام میں لیگل کمیونٹی کا کردار اہم ہی: گورنر پنجاب

۳جمہوریت کی بحالی کیلئے وکلاء کی جدوجہد اور قربانیاں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں، گورنر پنجاب سردار سلیم خان

جمعرات 30 اپریل 2026 19:40

غ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ، تسلسل اور استحکام میں لیگل کمیونٹی کا کردار اہم ہے۔ ٹیکس چوری روکنے کے لیے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ کسانوں پر زرعی ٹیکس بہت بڑی ناانصافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے وکلاء کی جدوجہد اور قربانیاں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء فریقین کو انصاف کی فراہمی میں سہولت فراہم کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس بار کے وکلاء معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکس بار کے وکلاء اپنے مؤکلوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے عمل میں آسانی پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی شعبے پر توجہ دے کر ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ٹیکس کسانوں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ اس موقع پر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفد میں عظیم حفیظ، سیکرٹری اطلاعات پی ایل ایف پنجاب، شکیل پاشا، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہزادہ عرفان، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل چوہدری قمر زمان، منشا سکھیرا، رانا ثاقب منیر، فاروق گجر، نوید اطہر کیانی، شہباز صدیق، رانا کاشف ولایت، طاہر بٹ اور بار ایسوسی ایشن کے ممبران طاہر بٹ اور دیگر شامل تھے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم مئی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا مزدوروں کا عالمی دن منا رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مزدور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور محنت کش معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب مزدور کی عزت کو تسلیم کرتا ہے اور اسے اللہ کا دوست کہتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعتکار ملک میں محنت کشوں کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔