اترپردیش:مسلمان عالم دین کی پراسرار موت

جمعہ 1 مئی 2026 20:41

لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) بھارت میں ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان عالم دین کی پراسرار موت نے بڑے پیمانے پر تشویش کو جنم دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بہار کے ضلع کشن گنج سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ مدرسہ کے استاد اور امام مولانا توصیف رضا مظہری آج ریاست اترپردیش میں بریلی ریلوے اسٹیشن کے قریب مردہ پائے گئے۔

(جاری ہے)

وہ ایک عرس میں شرکت کے لیے بریلی گئے تھے اور بذریعہ ریل واپس گھر لوٹ رہے تھے۔لواحقین نے مقامی پولیس کے ابتدائی دعووں کو مسترد کر دیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ مولانا چلتی ٹرین سے گرے ہوں ۔لواحقین کہتے ہیں کہ ان پر حملہ کیا گیا اور انہیں ریل سے باہر پھینک دیا گیا۔ وہ اس حوالے سے مولانا کی آخری فون کا حوالہ دے رہے ہیں جو مولانا نے اپنی اہلیہ کو کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ مردوں کے ایک گروپ نے مجھے پکڑ لیا ہے ،وہ ہر طرح کی گالیاں دے رہے ہیں۔