پانی کی مسلسل بندش نے سنگین بحران کی شکل اختیار کر لی ہے، پیر ارشد کاظمی

صوفی جمال قادری، ارسلان شیخ، شہباز خانزادہ و دیگر کے ہمراہ لانڈھی کورنگی کے دورے کے موقع پر بات چیت

ہفتہ 2 مئی 2026 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) تحریکِ اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ کراچی کے صنعتی و گنجان آباد علاقوں لانڈھی اور کورنگی میں گزشتہ دو ہفتوں سے پانی کی مسلسل بندش نے سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔ شدید گرمی میں شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں جبکہ گھروں، مساجد اور روزمرہ زندگی کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے لانڈھی اور کورنگی کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر صوفی جمال الدین قادری، ارسلان شیخ، شہباز خانزادہ و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی اس بدترین قلت کے پیچھے محض فنی خرابی نہیں بلکہ ایک منظم ملی بھگت کارفرما دکھائی دیتی ہے اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کے الیکٹرک اور مبینہ طور پر سرگرم ہائیڈرینٹ مافیا کے گٹھ جوڑ نے عوام کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ہونے والا بریک ڈاؤن اس بحران کی بنیادی وجہ بتایا جا رہا ہے مگر دس دن گزرنے کے باوجود نہ مکمل بحالی ممکن ہو سکی اور نہ ہی ذمہ داران کا تعین کیا جا سکا، آخر کب تک شہریوں کو اندھیرے میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے کی جانب سے پانی کی فراہمی کا واضح شیڈول جاری نہ کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے جس کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت اور بے چینی کا شکار ہیں، لوگ مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ غریب طبقہ اس بنیادی ضرورت سے بھی محروم ہو چکا ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت، میئر کراچی اور متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ عمل قابلِ مذمت ہے اور فوری اصلاح کا متقاضی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھابیجی بریک ڈاؤن کی شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، پانی کی فراہمی کا واضح اور قابلِ عمل شیڈول جاری کیا جائے اور ہائیڈرینٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے۔ آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی فراہمی کے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بحران شدید سماجی بے چینی کو جنم دے سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتی اداروں پر عائد ہوگی اور کہا کہ کراچی کے عوام اب صرف پانی نہیں بلکہ انصاف بھی مانگ رہے ہیں۔