قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، گورنر سندھ

کھلاڑیوں کی ملازمت ،ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کیلئے وزیراعظم سے بات کی جائے گی، نہال ہاشمی

ہفتہ 2 مئی 2026 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی ملازمت اور ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے لیے وزیراعظم سے بات کی جائے گی، قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، گورنر ہاکی کپ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد اور اسپورٹس آرگنائزرز اینڈ جرنلسٹس ایوارڈ کا اجرا جلد کیا جائے گا۔

گورنرسندھ نے یہ بات کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، اسپورٹس آرگنائزرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ گورنر سندھ نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کی دعوت قبول کرلی، وفد کی قیادت کے ایچ اے کے چیئرمین و سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر گلفراز احمد خان کررہے تھے، وفد میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل و سینئر صحافی اصغر عظیم، اولمپئن افتخار سید، ڈائریکٹر اسپورٹس کمشنر کراچی غلام محمد، کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ارشد حسین، خدمت عوام ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و چیئرمین زاہد رحیم سمیت دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، کھیل اور کھلاڑی کی ہر ممکن مدد کریں گے، خواہش ہے کہ ماضی کی طرح وفاقی اور صوبائی محکمے ایک بار پھر کھیلوں کی سرپرستی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا حکم دے چکے ہیں،وزیراعظم سے جلد ملاقات کرکے تازہ ترین صورتحال پر بات کی جائے گی، اس موقع پر گورنر سندھ کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری سو وینیئرز بھی پیش کیے گئے۔