امریکہ نے پاکستان و دیگر ممالک کے ایف 16اپ گریڈ کرنے کا ٹھیکہ نارتھروپ گرومن سسٹمز کارپوریشن کو دے دیا

ہفتہ 2 مئی 2026 20:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) امریکہ فضائیہ نے 488ملین ڈالر کے معاہدے کے تحت نارتھروپ گرومن سسٹمز کارپوریشن کو ایف-16ریڈار نظاموں کیلئے انجینئرنگ اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا ٹھیکہ دیا ہے جو اس کے غیر ملکی فوجی فروخت پروگرام کے تحت ہے ،پاکستان بھی مستفید ہونیوالے ممالک میں شامل ہے۔امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق یہ مقررہ قیمت اور غیر معینہ فراہمی، غیر معینہ مقدار پر مبنی معاہدہ ایف16سسٹم پروگرام آفس کے غیر ملکی فوجی فروخت پروگرام کے ساتھ ساتھ فضائیہ اور بحریہ کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔

معاہدے میں اے پی جی66اور اے پی جی68ریڈار نظاموں کے لیے انجینئرنگ اور تکنیکی معاونت شامل ہے، اس پر کام میری لینڈ کے علاقے لنٹھیکم ہائٹس میں کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ 31 مارچ 2036تک مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ متعدد ممالک کو غیر ملکی فوجی فروخت کے تحت خدمات فراہم کرنے سے متعلق ہے جن میں بحرین، بلجیم چلی، ڈنمارک، مصر، یونان، انڈونیشیا، عراق، اسرائیل، اردن، کوریا، مراکش، نیدرلینڈز، ناروے، عمان، پاکستان، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔

امریکی فضائیہ کے مطابق یہ معاہدہ واحد ذریعے کی بنیاد پر دیا گیا، مالی سال 2026ء کیلئے فضائیہ اور بحریہ کے غیر مختص شدہ فنڈز میں سے 2,644,922ڈالر کی رقم معاہدے کے وقت مختص کی گئی ہے۔یوٹاہ میں واقع ہل ایئر فورس بیس کے ایئر فورس لائف سائیکل مینجمنٹ سینٹر کو اس معاہدے کا مجاز ادارہ مقرر کیا گیا ہے اور یہ معاہدہ 27اپریل 2026 کو دیا گیا۔