ازبک سرمایہ کاروں کیلئے مختلف شعبوں میں مشترکہ مواقع موجود ہیں ، گورنر سندھ

ہفتہ 2 مئی 2026 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کی پرکشش دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سمیت ٹیکسٹائل، زراعت، مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مشترکہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس میں نووئی ریجن کے گورنر نورمت رسانوف کی قیادت میں آنے والے ازبک بزنس وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

گورنر ہاؤس سے جاری پریس رلیز کے مطابق اس موقع پر ازبکستان کے سفیر علیشیر تختایف، چیئرمین بزنس مین گروپ محمد زبیر موتی والا اور سہیل موٹن بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران نووئی ریجن کے گورنر نے گورنر سندھ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں نووئی ریجن خصوصاً تاشقند کے دورے کی دعوت دی، جسے گورنر سندھ نے قبول کرلیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت کاری فراہم کر رہی ہے اور حاصل شدہ منافع کی بلا رکاوٹ بیرونِ ملک منتقلی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور نووئی ریجن اور کراچی کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر دونوں جانب سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ازبکستان سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے جاری پروازوں کے ساتھ کراچی کے لیے بھی براہِ راست پرواز شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔نووئی ریجن کے گورنر نے کہا کہ ان کے خطے میں ثقافتی سیاحت کے لیے پرکشش تاریخی مقامات موجود ہیں، جبکہ کلچرل ایکسچینج پروگرامز، بزنس فورمز اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ازبک سفیر علیشیر تختایف نے بتایا کہ ازبک بزنس مین پاکستان سے فارماسیوٹیکل، سرجیکلز، اسپورٹس، ٹیکسٹائلز اور لیدر مصنوعات درآمد کر رہے ہیں، جبکہ ازبکستان میں پاکستانی لائیو اسٹاک خصوصاً بھیڑ بکریوں اور پھلوں کی نمایاں طلب موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ ازبکستان کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں اور گزشتہ چار برسوں کے دوران ازبکستان کی سالانہ تجارت میں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے بزنس کمیونٹی کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔آخر میں نووئی ریجن کے گورنر نورمت رسانوف اور ازبکستان کے سفیر علیشیر تختایف نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔